موبائل اور انٹرنیٹ کے اس دور میں جہاں ہر قسم کے مواد پر مبنی ویب سائٹس کی بھرمار ہے، وہیں شاعری کی ویب سائٹس کی بھی کوئی کمی نہیں۔ انٹرنیٹ پر کوئی بھی شعر یا کلام تلاش کرنے پر آپ کو بے شمار ویب سائٹس مل جائیں گی، جن میں سے ہر ایک کے اپنے اپنے مقاصد ہیں۔ کسی کا مقصد فروغِ اردو ادب ہے، کسی کا شعر و کلام کی ترویج، تو کسی کا کچھ اور۔
تاہم، ایک ایسی ویب سائٹ کی شدت سے کمی محسوس کی جا رہی تھی جس کی بنیادی توجہ بالخصوص “اسلامی شاعری” پر ہو، اور ساتھ ہی دیگر تعمیری مقاصد بھی بخوبی حاصل ہوتے رہیں۔ اسلامی شاعری سے مراد ایسا کلام ہے جو اسلامی اقدار اور شریعتِ اسلامیہ کے عین مطابق ہو؛ وہ شاعری جس کا شاعر قرآنِ مجید کی آیت کا مصداق نہ بنے:
وَ الشُّعَرَآءُ یَتَّبِعُهُمُ الْغَاوٗنَ اَلَمْ تَرَ اَنَّهُمْ فِیْ كُلِّ وَادٍ یَّهِیْمُوْنَۙ وَ اَنَّهُمْ یَقُوْلُوْنَ مَا لَا یَفْعَلُوْنَۙ [سورۃ الشعراء: 224-225]
ترجمہ: اور شاعروں کی پیروی گمراہ لوگ کرتے ہیں۔ کیا تم نے نہیں دیکھا کہ وہ ہر وادی میں بھٹکتے پھرتے ہیں؟
بلکہ یہ ایسی شاعری ہو جس کا قاری عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم، الفتِ صحابہ و اہلِ بیت، اور محبتِ مشائخ و بزرگانِ دین سے سرشار ہو جائے، یا پھر ادب، اخلاق، اصلاح اور اعلیٰ افکار و خیالات کا انمول ذخیرہ حاصل کرے۔
غرضیکہ “سوز و ساز” کا مطالعہ قاری کے لیے خیر کا باعث بنے، نہ کہ اسے فضولیات اور گناہوں کی دلدل میں دھکیل دے۔ چنانچہ “سوز و ساز” کے بنیادی اغراض و مقاصد درج ذیل ہیں:
- حمد، نعت، منقبت اور دیگر اسلامی اصنافِ سخن کو فروغ دینا۔
- علمائے کرام، مشائخِ عظام اور بزرگانِ دین کے اشعار اور کلام کو خوبصورت انداز میں پیش کرنا۔
- نئے شعراء کو ایک ایسا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنا جہاں وہ اپنی شاعری کو ہمیشہ کے لیے محفوظ کر سکیں۔
- قدیم و جدید شعراء کے کلام کا جامع ڈیجیٹل مجموعہ تیار کرنا۔
- اردو ادب اور فنِ شاعری کی ترویج و ترقی میں کردار ادا کرنا۔
- اعلیٰ اخلاقی اقدار اور معیار پر پوری اترنے والی شاعری کو اس کثرت سے عام کرنا کہ مخربِ اخلاق شاعری دم توڑ جائے۔
- اشعار اور کلام کو انتہائی دلکش، خوبصورت اور دلچسپ انداز میں پیش کرنا۔